سویڈن واقعہ ناقابل برداشت، آئندہ ایسی حرکت پرکوئی ہم سے گلہ نہ کرے، وزیراعظم

Published On 06 July,2023 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سویڈن واقعہ ناقابل برداشت ہے، اگر آئندہ ایسی حرکت ہوئی تو پھر ہم سے کوئی گلہ نہ کرے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں، آج ہم عالم اسلام کے جذبات کے اس ایوان سے پوری دنیا میں پہنچائیں گے، آج نہ صرف اس کی مذمت کریں بلکہ ہاؤس تجویز کرے کہ موثر الفاظ میں قرار داد کی منظوری ہو۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایک کمیٹی بنائیں جو آئندہ ایسے مذموم حرکتوں کے سدباب کی سفارشات دے، پاکستان سویڈن واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے، اسلام کے خلاف جان بوجھ کر آگ بھڑکائی جا رہی ہے، یہ دنیا میں مسلمان اور عیسائیوں کو لڑانے کی سازش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا : وزیراعظم کا نوازشریف کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کا اعلان

شہباز شریف نے کہا کہ سویڈن واقعے سے مسلمانوں کے دل انتہائی دکھی ہیں، عید والے دن پولیس نے اپنی کسٹڈی میں خبیث کو یہ حرکت کرنے دی، اسلام تمام مذاہب کا احترام سکھاتا ہے، کل جمعہ کی نماز کے بعد پورے ملک میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں مل کر احتجاجی ریلیاں نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں، اس خبیث کو عبرت کا نشان بنانا چاہیے، اس حوالے سے سب سے بہترین فورم اوآئی سی ہے، او آئی سی اجلاس کی مذمتی قرارداد پر سعودی عرب سمیت تمام اسلامی ممالک کا شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے ہر کونے میں سویڈن واقعے کی بھرپور مذمت کرنی ہے، سویڈن حکومت نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے، سویڈن حکومت کو خیال آیا اچھی بات لیکن ایسا واقعہ کیوں ہونے دیا؟

یہ بھی پڑھیں: پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا اجلاس، سردار ایاز صادق چیئرمین منتخب

شہباز شریف نے کہا کہ ایوان سے متفقہ قرارداد منظور کرانے کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے، اجلاس ختم ہونے سے پہلے موثر قرار داد پیش کی جائے، فریڈم آف سپیچ کی آڑ میں کسی کے مذہب کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے۔

اس سے قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے میجر اور اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس میں حالیہ بارشوں میں جاں بحق ہونے والوں اور جہانگیر ترین اور سینیٹر سیمی ایزدی کے بھائی کے لئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔