وزیر اعظم شہباز شریف سے قطری سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان کی الوداعی ملاقات

Published On 05 July,2023 09:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے الوداعی ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سفیر کے شاندار کردار کو سراہا، اس دوران وزیر اعظم نے خاص طور پر قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے وفد کے حالیہ دورے کا ذکر کیا۔

وفد سے ملاقات میں اعلیٰ سطح رابطوں، فوڈ سکیورٹی، توانائی، آئی ٹی، کان کنی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ دونوں برادر ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعلقات کو وسعت دیتے رہیں گے۔

وزیر اعظم نے قطری سفیر کو مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا، سفیر الثانی نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا ان کی مہمان نوازی اور گرم جوشی پر شکریہ ادا کیا، قطری سفیر 2020 میں کویڈ 19 وبائی امراض کے دوران پاکستان پہنچے تھے۔