وزیر اعظم کی ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت

Published On 04 July,2023 08:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت رواں مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بے حرمتی کا واقعہ: وزیر اعظم کا جمعۃ المبارک کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی اور خواتین کو خودمختار بنانے والے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے، پاکستان بھر بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں وزیر اعظم میرٹ سکالرشپ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ پورے پاکستان میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس کی فراہمی کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل پر عمل درآمد تیز، کل اجلاس طلب

شہباز شریف نے کہا کہ زراعت کے شعبے کی ترقی اور ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کے منصوبے پر بھی جلد کام شروع کیا جائے، ملک بھر میں جاری عوامی سہولت کے میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے۔