اسلام مخالف ڈچ سیاستدان کے سر کی قیمت لگانے پر سابق قومی کرکٹر کو سزا سنا دی گئی

Published On 11 September,2023 09:05 pm

ایمسٹرڈیم: (ویب ڈیسک) ہالینڈ میں پاکستان کے سابق کرکٹر خالد لطیف کو 12 سال قیدکی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہالینڈ کی عدالت نے پاکستان میں مقیم خالد لطیف کی غیر موجودگی میں انہیں سزا سنائی، خالد لطیف کسی بھی موقع پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بنے اور نہ ہی سزا کے اعلان کے وقت وہ ہالینڈ میں موجود تھے۔

ڈچ پراسیکیوٹر کے مطابق خالد لطیف نے 2018 میں آن لائن ویڈیو میں گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر 23 ہزار ڈالر (اس وقت کے 30 لاکھ پاکستانی روپے) انعام دینےکا اعلان کیا تھا۔

ڈچ عدالت نے 37 برس کے سابق پاکستانی بلے باز کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے الفاظ کو ’قتل پر اُکسانے کے مترادف اور دھمکی آمیز‘ قرار دیا، خالد لطیف نے دائیں بازو کے اسلام مخالف ڈچ سیاست دان گیرٹ وائلڈرز کے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے اعلان کے بعد یہ ویڈیو پوسٹ کی تھی۔