لاہور: (دنیا نیوز) ایشیا کپ کے فائنل سے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ فکر مندی کا شکار ہوگیا، پی سی بی نے سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز کو مشاورت کیلئے بلا لیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی ورلڈ کپ سے قبل سابق کرکٹرز سے مشاورت کرے گا، ایشیا کپ میں ہونے والی کوتاہیوں اور ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے حوالے سے صلاح مشورہ کیا جائے گا، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف بڑے فیصلے کرنے سے قبل سابق کرکٹرز کی رائے لینے کے خواہش مند ہیں۔
اس حوالے سے ذکا اشرف کا کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھائے، ایشیا کپ میں جو بھی غلطیاں ہوئیں ان کا جائزہ لیا جائے گا، ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم سے قوم مایوس نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2023ء کیلئے تاحال پاکستان ٹیم کے حتمی سکواڈ کا اعلان نہیں کیا جاسکا، ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کے سکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔