لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ گورننگ کونسل کے اجلاس میں آئندہ سیزن پی ایس ایل 9 میں اضافی ٹیم شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں چئیرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی قیادت میں پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سیزن میں چھ ٹیمیں ہی حصہ لیں گی ، کوئی اضافی ٹیم شامل نہیں کی جائے گی ۔
پی ایس ایل کا نواں سیزن 8 فروری سے 24 مارچ کے دوران ہو گا، اگلے اجلاس میں شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ پی ایس ایل کے دوران ویمنز کرکٹ کے فروغ کے لئے بھی نمائشی لیگ کے لئے موقع تلاش کیا جائے گا، اگلے پی ایس ایل کے وینیوز کے لئے پاکستان کے ساتھ ساتھ دوسرے وینیوز پر بھی غور کیا جائے گا۔
پی سی بی اجلاس میں ملتان سلطان کے مرحوم اونر عالمگیر ترین کی خدمات سمیت پی ایس ایل 8 کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو سراہا گیا ۔
پی سی بی تمام فرنچائز اور سٹیک ہولڈرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔