ورلڈ کپ میں جارح مزاج کھیل پیش کرنے کیلئے تیار ہیں: حارث رؤف

Published On 25 September,2023 04:50 pm

لاہور : (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے ہم بہترین ہیں، جارح مزاج ہیں اور ہم اچھا کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے، ایشین کنڈیشنز ہیں فرق نہیں پڑے گا، ہم بہترین ہیں، ہم جارح مزاج ہیں اور ہم اچھا کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

ورلڈکپ 2023 کے سکواڈ میں شامل قومی کرکٹر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں کون کون ہوتا ہے اس کا علم نہیں لیکن ہم خود کو فائنل میں دیکھ رہے ہیں۔

نسیم شاہ کے ورلڈکپ سے باہر ہونے پر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ نسیم سے فرق تو پڑے گا وہ نہیں ہیں لیکن جو دوسرے بولرز ہیں وہ بھی اچھے ہیں اور متحرک ہیں، حسن علی کا کم بیک ہے امید ہے وہ اچھا کریں گے۔

حارث رؤف کا مزید کہنا تھا کہ نیاگیند کرنا یا پرانا کرنا میرے ہاتھ میں نہیں ہے، مجھے جہاں موقع ملے گا میں 100 فیصد دینے کی کوشش کروں گا، کوئی انفرادی گول نہیں، پہلے ٹیم کا سوچنا ہے بعد میں اپنا، وہاں جا کر دیکھیں گے کہ کنڈیشنز کیسی ہیں اور پھر پلان سیٹ کریں گے، میرے لیے ہر وکٹ اہم ہوتی ہے، اچھے کھلاڑی کو آؤٹ کرکے اعتماد ملتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے ہمارے بولرز نے ہمیشہ پرفارم کیا ہے،ایسا نہیں ہے کہ ہمارے بولرز بڑے میچز میں اچھا نہیں کر پاتے۔