قومی ٹیم کو ٹریک پر واپس آنے کیلئے سپیشل پرفارمنس دینا ہوگی: مصباح الحق

Published On 02 October,2023 06:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ اور سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو ٹریک پر آنے کیلئے سپیشل پرفارمنس دینا ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم مشکلات میں ہے، ایشیا کپ میں انڈیا کیخلاف میچ میں ہارنے کے بعد پرابلم آئے، انڈیا کے خلاف میچ سے قبل دونوں میچز کافی اہم ہیں، اگر دو میچز میں اوپر نیچے ہوا تو پریشر آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم کا اپنا کھیلنے کا طریقہ ہوتا ہے، اگر بورڈ پر 350 ہے تو میچ جیتنا بنتا ہے، نیدرلینڈز اور سری لنکا سے میچز میں اچھا پرفارم کرنا ضروری ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فخر زمان کا آوٹ آف فارم ہونا پریشانی کی بات ہے، فخر کو پریشر سے باہر نکلنا ہوگا ، وہ اچھی کنڈیشن میں پاکستان کیلئے بڑا سکور کرسکتا ہے، ورلڈ کپ میں غلطی کی گنجائش نہیں، ہر میچ میں اپنا بہترین دینا ہوگا۔

مصباح الحق نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ٹاپ کیٹیگری میں ہونا چاہیے، یہ سلیکشن کمیٹی اور مینجمنٹ کا فیصلہ ہے جس میں میری رائے شامل نہیں۔