لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا کے مانوکا اوول سٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن بارش اور ژالہ باری کی نذر ہوگیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے آسٹریلیا میں موجود ہے اور قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل کینبرا میں آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے خلاف 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔
آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے خلاف 4 روزہ میچ سے قبل قومی ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن منسوخ ہوگیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر مانوکا اوول سٹیڈیم کی تصویر شیئر کی ہے جس میں سٹیڈیم کو سفید چادر اوڑھے دیکھا جا سکتا ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 3, 2023
پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن بارش اور ژالہ باری کے باعث منسوخ ہوگیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا باقاعدہ آغاز 14 دسمبر سے ہوگا، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔