ہر کھلاڑی کا ہر میچ میں پرفارمنس دینا مشکل ہو جاتا ہے: شاہد آفریدی

Published On 29 December,2023 12:11 pm

میلبرن: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ہر کھلاڑی کا ہر میچ میں پرفارمنس دینا مشکل ہو جاتا ہے۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ انجری ہو تو فاسٹ باؤلر نہیں کھیل سکتا، مجھے شاہین آفریدی نے کبھی نہیں کہا کہ انجری ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کی جوڑی کافی عرصے سے کامیاب رہی ہے، پاکستان نے ورلڈ کپ میں نسیم اور شاہین کی جوڑی کو یاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ بابر، شاہین، فخر اور رضوان نے ماضی میں بہترین پرفارمنس دیں اور آگے بھی دیں گے، بابر اعظم بہت مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارمنس دیتے ہیں جو میں نے بہت کم دیکھا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے کافی کرکٹ کھیلی ہے اور امید ہے وہ اچھی سلیکشن کریں گے، بنچ سٹرینتھ بہتر ہوگی تو مشکلات میں کمی ہو جائے گی۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پرفارمنس نہ ہو رہی ہو تو کھلاڑی کو آرام دیا جا سکتا ہے، پوری سیریز میں آرام نہیں دیا جا سکتا، ایک میچ میں دے سکتے ہیں۔