لاہور: (ویب ڈیسک) میلبورن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک رنز پر آؤٹ ہونے والے قومی کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کلاس بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم کو ناکامیوں نے گھیر لیا۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں بھی ناکامیوں نے بابر اعظم کا پیچھا نہ چھوڑا اور وہ ایک مرتبہ پھر توقع کے مطابق اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائے، سابق کپتان نے 7 گیندوں کا سامنا کیا اور محض ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے انہیں اس بار بھی پیٹ کمنز نے اپنا شکار بنایا، سابق کپتان نے رواں سال 8 ٹیسٹ میچز کی اننگز میں ایک بار بھی 50 کا ہندسہ عبور نہیں کیا۔
ڈیبیو کے بعد یہ پہلی بار ہوا ہے کہ بابر اعظم ایک سال میں ایک بھی نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے ہوں، ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ان کو ایک موقع ضرور ملے گا، پاکستان نے رواں برس محض 5 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں گرین شرٹس کا پہلا مقابلہ نیوزی لینڈ کیخلاف تھا، اس میں بابر دو اننگز میں صرف 24 اور 27 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
جولائی 2023ء میں پاکستان نے 2 میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے سری لنکا کا دورہ کیا، سیریز پاکستان کے نام رہی لیکن بابر اعظم یہاں بھی کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے، انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 13 اور 24 رنز بنائے جبکہ دوسرے میچ کی ایک اننگز میں 39 رنز ہی بنا سکے۔
اسی طرح دورہ آسٹریلیا کے دوران پرتھ ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 21 اور 14 رنز بنائے تھے جبکہ میلبرن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔