میلبورن: (دنیا نیوز) پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے، کینگروز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے۔
آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہونے والے پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 6 رنز کے مجموعی سکور پر فرسٹ سلپ پر کھڑے عبداللہ شفیق نے صرف 2 رنز بنانے والے وارنر کا آسان کیچ چھوڑ دیا جس کے بعد دونوں اوپنرز نے 90 رنز کی شراکت قائم کی، آسٹریلیا کی جانب سے پہلی وکٹ وارنر کی گری جو سلمان آغا کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
David Warner gets a life on two! Shaheen Afridi gets the ball swinging and Abdullah Shafique puts it down at first slip #AUSvPAK pic.twitter.com/EJc4AptxJk
— cricket.com.au (@cricketcomau) December 25, 2023
پاکستانی سکواڈ
قومی ٹیم میں میلبورن ٹیسٹ میچ کیلئے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، سرفراز احمد، فہیم اشرف اور خرم شہزاد کو آرام دے کر ان کی جگہ محمد رضوان، حسن علی اور میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور عامر جمال بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
TOSS & PLAYING XI
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 25, 2023
Pakistan win the toss and decide to bowl first in the second Test #AUSvPAK pic.twitter.com/tH8nxguoW4
آسٹریلین سکواڈ
پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل سٹارک پر مشتمل ٹیم میدان میں اتری ہے۔
باہمی ریکارڈ
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باہمی ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے ریکارڈز کو دیکھا جائے تو شاہینوں کا پلڑا کمزور نظر آتا ہے، قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی تاہم پاکستان نے آسٹریلیا میں آخری ٹیسٹ میچ 1995ء میں مشتاق احمد کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث جیتا تھا، مشتاق احمد نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 26 ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی ہیں جن میں سے کینگروز نے 14 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 7 میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی ہے، پانچ سیریز برابر رہیں، پاکستان نے آسٹریلیا میں 13 ٹیسٹ سیریز کھیلیں اور کسی ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کی جبکہ قومی ٹیم تین سیریز برابر کر سکی، آسٹریلیا نے 10 سیریز جیتی ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مجموعی طور پر 70 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں سے کینگروز نے 35 اور پاکستانی ٹیم نے صرف 15 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ 20 میچز بغیر نتیجہ رہے، پاکستان نے آسٹریلیا کی سرزمین پر 38 میچز کھیلے اور صرف 4 میں کامیابی حاصل کی، قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں آخری ٹیسٹ سیریز 2019ء میں کھیلی جس میں دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔