لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی میلبرن کی ایک جامع مسجد میں درس دینے کی ویڈیو وائرل ہونے لگی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان مسجد کے منبر پر بیٹھ کر لوگوں کو درس دے رہے ہیں، ویڈیو سامنے آنے پر جہاں کئی صارفین انہیں ہدف تنقید بنا رہے ہیں وہاں متعدد ان کی اسلام سے محبت کو سراہ بھی رہے ہیں۔
— Saj Sadiq (@SajSadiqCricket) December 23, 2023
قبل ازیں سال 2022ء میں وکٹ کیپر بیٹر نے نیوزی لینڈ کی کرائسٹ چرچ مسجد میں بیان دیا تھا جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، اسی مسجد میں 15 مارچ 2019ء کو ایک سفید فام دہشت گرد نے 51 نمازیوں کو شہید کرنے کی لائیو ویڈیو بنائی تھی۔
مزید برآں محمد رضوان نے ورلڈکپ کے دوران مین آف دی میچ کا ایوارڈ اسرائیلی ظلم اور بربریت کے شکار فلسطین کے مظلوم شہریوں کے نام کیا تھا جس پر انہیں ایک بار پھر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔