لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر خرم شہزاد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔
فاسٹ باؤلر پسلی میں فریکچر کے باعث ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوئے ہیں، انہوں نے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران بائیں پسلی میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ سپیشلسٹ سے مشورہ کرنے کے بعد آئندہ کا پلان طے کرے گا جس کے بعد فاسٹ باؤلر کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں خرم شہزاد نے 22 اور دوسری اننگ میں 16 اوورز کرائے تھے، انہوں نے میچ میں 5 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کمرکس لی ہے، کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔
قومی کرکٹرز نے نیٹس میں بیٹنگ اور باؤلنگ کی بھی جم کر پریکٹس کی، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو باکسنگ ڈے پر شروع ہو گا۔