پرتھ: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے آف سپن باؤلر نیتھن لائن ٹیسٹ کیریئر میں 500 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے آٹھویں جبکہ تیسرے آسٹریلوی باؤلر بن گئے ہیں۔
نیتھن لائن نے پرتھ ٹیسٹ کے چوتھے روز دوسری اننگز میں پاکستان ٹیم کے باؤلنگ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو آؤٹ کر کے 500 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، رواں سال ایشز سیریز کے اختتام پر نیتھن لائن کی کل 496 وکٹیں تھیں۔
ٹیسٹ میں سابق آسٹریلوی لیگ سپنر باؤلر شین وارن نے 708 اور سابق فاسٹ باؤلر گلین میک گرا نے 563 حاصل کر رکھی ہیں، نیتھن لائن نے 2011 میں سری لنکا کیخلاف گال میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور پہلے ہی میچ کے اوور کی پہلی گیند پر سنگاکارا کو آؤٹ کر کے پہلی وکٹ حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیتھن لائن نے پاکستان کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور دوسری اننگز میں دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ میں پاکستان کو 360 رنز سے بڑی شکست دے کر سیریز کا پہلا میچ جیت لیا ہے۔