پرتھ: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ نئی گیند کے ساتھ اچھی باؤلنگ نہیں ہو رہی، فاسٹ باؤلرز کی رفتار میں کمی نظر آ رہی ہے، باؤلنگ یونٹ نے 10 وکٹیں لیں جس سے ان کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر گل نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 فاسٹ باؤلرز کو کھلانے کا فیصلہ درست ثابت ہوا، دونوں نوجوان فاسٹ باؤلرز نے فائٹ بیک کر کے اچھی باؤلنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں: پرتھ ٹیسٹ کا دوسرا روزختم: پاکستان کے 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں باؤلنگ کرنا مشکل ہوتا ہے، خاص طور پر آسٹریلیا میں آسٹریلیا کیخلاف باؤلنگ آسان نہیں ہوتی، فاسٹ باؤلرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، عامر جمال اور خرم شہزاد فرسٹ کلاس سیزن میں باؤلنگ کرتے آ رہے ہیں۔
باؤلنگ کوچ نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی ہمارے مین باؤلر ہیں، وائٹ بال سے ریڈ بال میں آکر باؤلنگ کرنا آسان نہیں ہوتا، انہوں نے لمبے عرصے سے ٹیسٹ نہیں کھیلے، ردھم میں آنے میں وقت لگے گا، امید ہے وہ دوسری اننگز میں اچھے ردھم کے ساتھ باؤلنگ کریں گے۔
واضح رہے کہ پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا کی تمام 10 وکٹیں فاسٹ باؤلرز نے حاصل کیں، ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے عامر جمال نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6، خرم شہزاد نے 2، شاہین اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 15, 2023