لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق نے میلبرن ٹیسٹ میں ناقص فیلڈنگ کو شکست کی اہم وجہ قرار دے دیا۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ میلبرن ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم مجموعی طور پر بہتر کھیلی لیکن اہم مواقع پر چانسز ضائع ہونے سے پوزیشن خراب ہوئی، میچ کی دونوں اننگز میں دو اہم مواقع پر کیچز ڈراپ کیے گئے، بطور کپتان شان مسعود نے بہتر فیصلے کیے اس کی بیٹنگ کارکردگی بھی سب سے بہتر رہی۔
مصباح الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ کرکٹ کیلئے کنڈیشنز مشکل ترین ہوتی ہیں کسی بھی ٹیم کیلئے وہاں پرفارمنس دینا آسان نہیں رہا، اپنی سرزمین پر آسٹریلیا کو شکست دینا بہت مشکل کام ہے، پاکستان کے کھلاڑی بہت کم تیاری کے ساتھ سیریز کھیلنے گئے، لڑکے بھی زیادہ تجربہ کار نہیں، زیادہ اچھی تیاری کے ساتھ وہاں جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ صرف ایک ہفتے کے کیمپ کے ساتھ آسٹریلیا میں جاکر سیریز جیتنے کا صرف خواب ہی دیکھا جا سکتا ہے، آسٹریلیا کے مقابلے میں دوسری ٹیم ڈیڑھ سال پہلے پلاننگ کرتی ہے، آسٹریلیا کے دورے کیلئے کم از کم ایک ماہ پہلے وہاں جاکر خود کو کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔