میلبورن: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کل سے میلبورن میں شروع ہو گیا، میچ سے قبل میزبان ٹیم کے فاسٹ باؤلر مچل سٹارک نے پاکستان کی پیس کم ہونے پر حیرانگی کا اظہار کر دیا ہے۔
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل سٹارک نے کہا ہے کہ پرتھ ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی فاسٹ باؤلرز کا پیس کم ہو گیا جس پر مجھے بہت حیرت ہوئی، پاکستان کے زیادہ تر کھلاڑی 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرواتے ہیں، میلبورن میں پاکستانی پیسرز کو زیادہ سائیڈ ویز موومنٹ کیلئے رفتار بڑھانا پڑے گی۔
اس سے قبل سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس نے ایک انٹرویو میں پاکستانی فاسٹ باؤلرز کے پیس کم ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آسٹریلیا میں سب پاکستانی فاسٹ باؤلرز کی کارکردگی کیلئے پْرجوش ہوتے تھے، اس بار ایسی کوئی بات نظر نہیں آرہی، میں میڈیم پیسرز، سلو میڈیم پیسرز اور آل راؤنڈرز دیکھ رہا ہوں، کوئی حقیقی فاسٹ باؤلر ہی نظر نہیں آ رہا۔
انہوں نے کہا کہ سٹیڈیمز میں شائقین پاکستانی فاسٹ باؤلرز کو 150 کلومیٹر کی رفتار سے باؤلنگ کرتے دیکھنے کیلئے آتے تھے،اس بار مجھے تو ایسا کچھ دکھائی نہیں دیا، میری تشویش کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی برق رفتار باؤلرز موجود نہیں، بعض انجرڈ ہیں مگر ماضی میں کبھی ایسی صورتحال ہوتی تو متبادل باؤلرز کی بھی کمی نہیں ہوتی تھی، بدقسمتی سے اب حالات مختلف ہیں۔