میلبورن: (دنیا نیوز) اسرائیل کی فلسطینیوں پر بربریت کیخلاف آواز اٹھانے پر آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز اپنی ٹیم کے اوپنر بیٹر عثمان خواجہ کی حمایت میں بول پڑے۔
آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ عثمان خواجہ کی غزہ کے معاملے پر انسانی بحران پر توجہ دلانے کی کوشش جارحانہ نہیں، وہ اس بات کیلئے کھڑے ہیں جس پر وہ یقین رکھتے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے بہت وقار کے ساتھ اس کا اظہار کیا۔
پیٹ کمنز نے مزید کہا ہے کہ میں نے پچھلے ہفتے بھی یہی کہا تھا کہ ساری زندگیاں برابر ہیں اور نہیں لگتا کہ یہ غلط ہے، میں فاختہ کے نشان کے بارے میں بھی یہی کہوں گا، آئی سی سی اس کی اجازت نہیں دے رہی ان کے قوانین بھی ماننے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اسرائیل کی مظلوم فلسطینیوں پر دہشتگردی کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے آئی سی سی سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنے بلے اور جوتوں پر امن کا نشان فاختہ لگانے کی اجازت مانگی تھی۔
آئی سی سی نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران عثمان خواجہ کو بلے اور جوتوں پر فاختہ کا سٹیکر لگانے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل کے میدان میں سیاست، مذہب یا نسل سے متعلق پیغامات قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
اس سے قبل عثمان خواجہ کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے پرتھ ٹیسٹ کے دوران ہاتھ سے لکھے ہوئے نعروں “آزادی ایک انسانی حق ہے” اور “تمام زندگیاں برابر ہیں” والے جوتے پہننے سے روک دیا تھا جس کے بعد عثمان خواجہ نے بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔