میلبرن ٹیسٹ: دوسری اننگز میں شاہینوں کا شاندار کم بیک

Published On 27 December,2023 08:50 am

میلبرن: (دنیا نیوز) میلبرن ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل جاری ہے، 318 سکور کے جواب میں قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 264 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، دوسری اننگز میں شاہینوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 16 رنز پر میزبان ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔

تیسرا روز

محمد رضوان اور عامر جمال نے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا تو پاکستان کے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز تھے، بیٹنگ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی 215 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان ہمت ہار گئے اور پیٹ کمنز کی گیند پر ڈیوڈ وار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، رضوان نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، شاہین آفریدی 21 رنز پر نیتھن لائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، حسن علی 2 رنز پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5، نیتھن لائن نے 4 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان ٹیم کی اننگز ختم ہونے کے بعد آسٹریلیا کے اوپنرز نے بیٹنگز کا آغاز کیا تو شاہین آفریدی کی دوسری گیند پر ہی عثمان خواجہ بغیر کھاتہ کھولے محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے، مارنوس لبوشین بھی شاہین کا شکار بن گئے، میر حمزہ نے ڈیوڈ وارنر کو 6 رنز اور ٹریوس ہیڈ کو صفر پر کلین بولڈ کیا، مچل مارش اور سٹیو سمتھ کریز پر موجود ہیں۔

دوسرا روز

پاکستان کے خلاف دوسرے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز تھے، پہلے روز آخری وکٹ سٹیو سمتھ کی گری جو 26 رنز پر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، دوسرے روز مارنوس لبوشین اور ٹریوس ہیڈ نے بیٹنگ شروع کی اور کچھ دیر بعد ہی ٹریوس ہیڈ نے 204 کے مجموعی سکور پر آغا سلمان کو کیچ دے دیا۔

اس کے بعد مارنوس لبوشین 63 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مچل مارش اور ایلکس کیری نے 4 ،4، مچل سٹارک نے 9، پیٹ کمنز نے 13 اور لیتھن لائن نے 8 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3، شاہین آفریدی، حسن علی اور میر حمزہ نے 2، 2 جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن بائیں ہاتھ کے بلے باز امام الحق 10 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بعدازاں عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 124 رنز پر پہنچایا لیکن عبد اللہ شفیق ففٹی مکمل کرنے کے بعد جلد ہی چلتے بنے اور 62 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ان کو ہی کیچ تھما دیا۔

بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ شان مسعود کی شکل میں گری جب وہ 54 رنز پر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان شان مسعود کے بعد نوجوان بلے باز سعود شکیل بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض 9 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، چھٹی وکٹ پر سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، محمد رضوان بھی 42 رنز پر پیٹ کمنز کا شکار بنے۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے، عامر جمال اور محمد رضوان وکٹ پر موجود تھے۔

پہلا روز/ کینگروز کی بلے بازی

قبل ازیں پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 6 رنز کے مجموعی سکور پر فرسٹ سلپ پر کھڑے عبداللہ شفیق نے صرف 2 رنز بنانے والے وارنر کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔

اس کے بعد دونوں اوپنرز نے 90 رنز کی شراکت قائم کی، آسٹریلیا کی جانب سے پہلی وکٹ وارنر کی گری جو 38 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کینگروز کی دوسری وکٹ 108رنز کے مجموعے پر گری جب عثمان خواجہ 101 گیندوں پر 42 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر سلمان آغا کو کیچ دے بیٹھے، آسٹریلیا کا مجموعی سکور 114 رنز پر پہنچا تو بارش نے آن لیا جس کے بعد میچ کو روک دیا گیا۔

پاکستانی سکواڈ

قومی ٹیم میں میلبرن ٹیسٹ میچ کیلئے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، سرفراز احمد، فہیم اشرف اور خرم شہزاد کو آرام دے کر ان کی جگہ محمد رضوان، حسن علی اور میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور عامر جمال بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔

آسٹریلین سکواڈ

پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل سٹارک پر مشتمل ٹیم میدان میں اتری ہے۔