اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے لیے بری خبر، وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے اختیارات محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق آئی پی سی منسٹری نے پی سی بی کو ٹی 10 میچز، نئی تقرریاں اور کوچز کے کنٹریکٹس میں توسیع دینے سے منع کر دیا، آئی پی سی منسٹری نے الیکشن نہ کروانے پر پی سی بی سے ناراضگی اور برہمی کا اظہار بھی کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی سے سوال کیا ہے کہ آپ نے اب تک انتخابات کیوں نہیں کروائے ہیں؟
پی سی بی کی اعلیٰ قیادت کو کل اسلام آباد طلب کرلیا ہے، کل اسلام آباد میں ہونے والی میٹنگ میں اہم فیصلے ہونے کا امکان ہے، میٹنگ میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے مستقبل کے حوالے سے بھی لائحہ عمل تشکیل دینے کا امکان بھی ہے۔