ڈھاکا: (دنیا نیوز) پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کھیلنے کے دوران اپنی ٹیم کو دغا دے گئے۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق شعیب ملک منگل کے روز بی پی ایل کا میچ کھیلنے کے بعد بنگلا دیش سے یو اے ای چلے گئے تاہم پاکستانی کرکٹر کو اگلے میچ سے پہلے واپس آنا تھا لیکن یو اے ای پہنچ کر شعیب ملک نے کہا کہ وہ 4 فروری کو آئیں گے۔
دوسری جانب پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے اس عمل کے بعد ان کی ٹیم فورچیون باریشال کے ترجمان نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اب بہتر ہے کہ شعیب ملک ہماری طرف سے مزید نہ کھیلیں۔
ذرائع کے مطابق شعیب ملک کے ٹورنامنٹ چھوڑ کر جانے کے بعد فورچیون باریشال نے احمد شہزاد سے رابطہ کیا ہے جس پر انہوں نے این او سی جاری کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی رجوع کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شعیب ملک نے بنگلا دیش پریمیر لیگ کھیلتے ہوئے ہی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کیے، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے ایشین اور دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں۔