ملک میں لیگز ہوں گی تو نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، افتخار احمد

Published On 31 January,2024 10:52 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں اچھی لیگز ہونی چاہئیں، لیگز ہوں گی تو نیا ٹیلنٹ بھی ملے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار احمد کا کہنا تھا کہ سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ہے، سندھ کے ایمرجنگ کھلاڑیوں کےلیے پرفارم کرنے کا اچھا موقع ہے۔

افتخار احمد نے کہا کہ کرکٹ میں ہر دن اچھا کھیلیں گے تو کامیابی ملتی ہے، ہر دن اچھا کھیلیں گے تو فائنل میں بھی کامیابی ملے گی، پلے آف مرحلے میں میچ ٹو میچ کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کھیل کے ہر شعبے میں کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، پاکستان میں اچھی لیگز ہونی چاہئیں، براہِ راست ٹیلی کاسٹ ہونے والے میچز کا اپنا پریشر ہوتا ہے، پریشر میں پرفارم کرنے سے کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔