آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، جسپریت بمراہ کی سرزنش

Published On 30 January,2024 01:25 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ کی سرزنش کر دی۔

جسپریت بمراہ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کی، بھارتی کھلاڑی آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

آرٹیکل کے مطابق کھلاڑی کو امپائر، میچ ریفری یا دیگر سٹاف کے ساتھ نامناسب جسمانی رابطے پر سزا دی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ جسپریت بمراہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں جان بوجھ کر بلے باز اولی پوپ کے راستے میں آئے تھے جس وجہ سے بلے باز کے ساتھ ان کا نامناسب جسمانی رابطہ ہوا تھا۔

خلاف ورزی کرنے پر بھارتی باؤلر جسپریت بمراہ کے ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ جسپریت بمراہ نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری رچی رچرڈسن کی تجویز کردہ سزا منظور کرلی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کرنے کی زیادہ سے زیادہ سزا میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ ہے۔