سان فرانسسکو: (دنیانیوز) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر سکھوں کی بڑی تعداد نے بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرے میں خواتین اور بچوں سمیت سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بھارتی قونصلیٹ کے سامنے خالصتان کے جھنڈے لہرائے۔
یاد رہے کہ سان فرانسسکو میں سکھوں کی جانب سے علیحدہ وطن کے مطالبے کے لیے خالصتان کا ریفرنڈم بھی 28 جنوری کو منعقد ہوگا۔
مظاہرے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگائے گئے اور بھارتی پرچم نذر آتش کر دیا گیا، مظاہرین کاکہناتھا کہ خالصتان لے کر رہیں گے، مودی سکھوں، مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کا قاتل ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کو مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پوری دنیا میں رہنے والے کشمیری ہر سال یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔