اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں دہشتگردی کا ہولناک منصوبہ بے نقاب، پاکستانی سکیورٹی اداروں نے بھارتی دہشتگرد گروہ اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔
سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک کے اندر حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں بھارت ملوث ہے جس کے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں۔
سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ شاہد لطیف کو انڈین ایجنٹوں کی مدد سے قتل کیا گیا، عمیر نے پانچ ٹارگٹ کلرز کی ٹیم بنائی، عمیر کا اعترافی بیان موجود ہے،12 اکتوبر کو محمدعمیر ملک سے بھاگ رہا تھا جس کو گرفتار کیا گیا، یوگیش کمار سے بینک ٹرانزیکشن کے شواہد بھی موجود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ راولاکوٹ میں شہری محمد ریاض کو مسجد میں قتل کیا گیا، محمد عبداللہ علی نے محمد ریاض کو ستمبر میں قتل کیا، محمد عبداللہ علی نے گرفتاری کے بعد سہولت کاروں کو پہچان لیا، ہمارے پاس ہندوستانی ایجنٹوں کے شواہد موجود ہیں۔
سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ پاکستان میں پاکستانی شہریوں کو قتل کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستانی شہریوں اور ملک میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، صرف ہم نہیں بلکہ کینیڈا حکام نے بھی یہی کہا۔