اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیرتجارت گوہر اعجاز سے قازقستان کے سفیر یرزان کستافین نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور تجارت کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وفاقی وزیر تجارت سے ملاقات کے دوران قازقستان کے سفیر کا کہنا تھا کہ قازقستان کے وزیر تجارت فروری میں پاکستان کا دورہ کرنے کے متمنی ہیں، دورے کا مقصد دوطرفہ تعاون کے مواقع تلاش کرنا اور دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینا ہے۔
سفیر قازقستان یرزان کستافین نے ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کیلئے الماتے میں فیشن شو کے منصوبوں کا اعلان کیا، پاکستانی فیشن انڈسٹری کو پرتپاک دعوت ہے کہ وہ اس تقریب میں اپنے کام کی نمائش کریں۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ تجارت اور لاجسٹکس دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، نقل و حمل کے بغیر تجارت ناممکن ہے۔