ہم لاہور کیا پورے پنجاب کو سندھ جیسا بنائیں گے: شہلا رضا

Published On 25 January,2024 07:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ ہم لاہور کیا پورے پنجاب کو سندھ جیسا بنائیں گے، مفت صحت کا نظام لائیں گے۔

سینئر رہنما پیپلز پارٹی سیدہ شہلا رضا نے لیگی رہنما عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگ گھبرا گئے ہیں اس لیے پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، جب ان کو جواب دیا جائے تو سب مل کر رونے لگتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ این اے 127 پر کوئی ن لیگی الیکشن لڑنے کو تیار نہیں تھا، عطا تارڑ آئے ہیں تو سوچ سمجھ کر بات کریں، پرویز مشرف کے 8 سالہ دور کے بعد آٹا اور چاول ناپید تھے جسے ہم سرپلس میں لائے، اگر ترقی ہوئی ہے تو وہ آصف زرداری کے چائنہ کے ساتھ سی پیک معاہدہ آنے کے بعد ہوئی۔

شہلا رضا نے کہا کہ ہم نے منصفانہ طور پر این ایف سی ایوارڈ صوبوں کو دیا آپ تو وہ بھی نہیں دے پائے، پانچ سالوں میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہیں بلایا، صوبوں کو ان کا حق نہیں دیا، سابق صدر زرداری نے چین کے 80 دورے کئے اور پاور پراجیکٹس لگائے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ شہباز شریف تو دہشت گردوں کو کہتے تھے ہم پر حملہ نہ کرو ہمارے خیالات آپ سے ملتے ہیں، دہشت گردی کا نشانہ ہمارے کارکن بنے اور شہید بینظیر بھٹو بنیں، کراچی سے دہشت گردی ختم کرنے کے دعوے کرنے والے طالبان کو اپنا بھائی کہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاور پراجیکٹس لگ گئے تو آپ کے لیڈر مینار پاکستان بیٹھ کر پنکھا جھلنے کے ڈرامے کرنے لگے، ہم آج لاہور اور پنجاب میں ہیں لیکن لوڈ شیڈنگ ہے، سندھ تھر سے نیشنل گرڈ میں بجلی بھیج رہا ہے، آپ نے نیلم جہلم منصوبہ روکے رکھا حکومت کے آخری سال میں شروع کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کہتے ہیں لاہور ٹیکس دیتا ہے جبکہ کراچی پورے پاکستان کو پالتا ہے، سب سے زیادہ ریونیو سندھ دیتا ہے جبکہ آپکی حکومت میں سندھ کو کم حصہ ملتا ہے، رینٹل پروگرام کے خلاف خواجہ آصف نے ہزیمت اٹھائی کیونکہ ان معاہدوں کے پیچھے آپ تھے۔