انتظار ختم! 5 سال بعد علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کی دھن تیار

Published On 03 February,2024 12:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) شائقین کرکٹ کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کے قریب پہنچ گئیں، گلوکار علی ظفر کی پانچ سال بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل میں واپسی ہو رہی ہے۔

علی ظفر اس سال آفیشل طور پر پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کا ترانہ گائیں گے جس کی تصدیق پی ایس ایل کے مصدقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت خود گلوکار کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔

پی ایس ایل کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے علی ظفر کی جاری کردہ مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار پیانو پر ایک دھن بجا رہے ہیں جبکہ کیپشن میں عندیہ دیا گیا ہے کہ انہوں نے لیگ کے آفیشل ترانے کی تیاری شروع کردی ہے۔

کیپشن میں لکھا ہے کہ "سیٹی تو بجے گی، علی ظفر اپنے جادوئی انداز میں پی ایس ایل کے نویں سیزن کے ترانے کے لیے تیار ہیں"۔

سوشل میڈیا پر یہ خبر سامنے آتے ہی مداحوں کی جانب سے اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا گیا، شائقین نے کہا ہے کہ انہیں کب سے انتظار تھا کہ علی ظفر واپس آئیں اور پاکستان سپر لیگ کا ترانہ اپنی آواز میں گائیں۔

دوسری جانب پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ علی ظفر کے ساتھ اس سیزن کا گانا گائیں گی، اس کا اندازہ آئمہ کی حالیہ انسٹا گرام سٹوریز سے لگایا جاسکتا ہے۔

پی ایس ایل کے پہلے تین سیزن کا ترانہ گنگنانے والی علی ظفر کے کیریئر کو 2018 میں دھچکا لگا جب ساتھی گلوکارہ میشا شفیع نے ان پر ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔

یہ تنازع ان کے کیریئر میں وقفے کا باعث بنا اور پھر 5 سال تک انہیں دوبارہ پی ایس ایل ترانہ گانے کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔ 

Advertisement