لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے کہا ہے کہ میرے بیٹے اعظم خان کی پاکستان ٹیم میں شمولیت کا انحصار کارکردگی پر ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معین خان کا کہنا تھا کہ رنز نہ بنانے والے سینئرز کو ڈراپ کیا جائے جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہیے، ورلڈکپ سے پہلے کھلاڑیوں کے پاس پی ایس ایل کا سنہری موقع ہے،کھلاڑی کو اپنی غلطیوں کا علم ہونا چاہیے اور دہرانا نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سمجھتے ہیں کہ اعظم خان کا مستقبل ہے تو اسے موقع ملنا چاہیے، صائم ایوب کو بھی کھلایا گیا لیکن بہت سے ایسے تجربہ کار کھلاڑی ٹیم میں ہیں جنہوں نے رنز نہیں کیے۔
معین خان نے کہا کہ ٹیم ڈائریکٹر نے اگر ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا تھا تو ایسے منتخب کھلاڑیوں کو بے خوف کھیلنا چاہیے تھا، کھلاڑی جب ڈراپ ہوتا ہے تو اعتماد گر جاتا ہے۔