لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل پر فول پروف انتظامات کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کے سکیورٹی انتظامات سے متعلق اجلاس طلب کیا، اجلاس میں آئی جی پنجاب، کمشنر لاہور اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پی ایس ایل میچز کے دوران ٹریفک روٹس اور سکیورٹی کے انتظامات پر بات چیت ہوئی، چیئرمین پی سی بی کی جانب سے شائقین کرکٹ کو بہترین سہولیات مہیا کرنے سمیت شٹل بس سروس کے انتظامات کی ہدایت جاری کی گئی۔
مزید برآں اجلاس میں شریک سی ای او سلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ ، پی ایس ایل انتظامیہ سمیت مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے چیئرمین پی سی بی کو پی ایس ایل اخراجات کے حوالے سے بریف کیا، محسن نقوی نے پی ایس ایل کی بھر پور تشہیری مہم چلانے کی ہدایت کی۔
پی سی بی حکام کی جانب سے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور ٹرافی کی رونمائی کے حوالے سے بھی چیئرمین پی سی بی کو بریفنگ دی گئی۔