آبائی سیٹ پر شکست کے بعد مولانا فضل الرحمان پشین سے رکن قومی اسمبلی منتخب

Published On 10 February,2024 02:26 am

لاہور: (دنیا نیوز) اپنی آبائی سیٹ ہارنے والے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی دو نشستوں سے حصہ لیا ان میں ایک ان کی خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان کی آبائی سیٹ جبکہ دوسری بلوچستان کے علاقے پشین کی سیٹ شامل ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان کی آبائی سیٹ ہار گئے جبکہ بلوچستان کے علاقے پشین سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جہاں انہوں نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے امیدوار خوشحال خان کاکڑ کو شکست دی۔

این اے 265 پشین کے تمام 312 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مولانا فضل الرحمان 52 ہزار 429 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ان کے مدمقابل پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے خوشحال خان کاکڑ 31 ہزار 436 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔