گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مضبوط ترین سمجھے جانے والے خرم دستگیر کو بھی آزاد امیدوار کے ہاتھوں شکست ہو گئی۔
ملک میں گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات میں ایک اور بڑا اپ سیٹ ہوا ہے، پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کی مضبوط سمجھی جانے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 78 سے الیکشن میں حصہ لینے والے خرم دستگیر ہار گئے ہیں۔
این اے 78 کے تمام 319 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد مبین عارف ایک لاکھ 6 ہزار 169 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ لیگی رہنما خرم دستگير خان 88 ہزار 308 ووٹ لے سکے ہیں۔
دوسری جانب لاہور کے حلقہ این اے 122 میں مسلم لیگ (ن) کے مضبوط امیدوار خواجہ سعد رفیق بھی شکست کھا گئے، لیگی امیدوار کو آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ نے بڑے مارجن سے شکست دی۔
این اے 122 سے آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ ایک لاکھ 17 ہزار 109 لیکر کامیاب ہوئے جبکہ لیگی امیدوار خواجہ سعد رفیق 77 ہزار 907 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔