لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کے سوشل میڈیا پر سوالات و جوابات کے سیشن میں شرکت کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا پر سوال وجواب کے سیشن میں شرکت کرنے کے معاملے پر پالیسی وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا پر سوالات و جوابات کے سیشن میں شرکت کو سینٹرل کنٹریکٹ کی روشنی میں دیکھا جائے گا۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق بورڈ کو خدشہ ہے کہ کھلاڑی کسی تنازع میں نہ پڑ جائیں، پی سی بی اس بارے میں کھلاڑیوں اور ان کے ایجنٹس سے بات چیت کرے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ کو اس حوالے سے جائزہ لینے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سابق کپتان بابر اعظم اور قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر سوالات و جوابات کے سیشن میں حصہ لیا تھا۔