لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے سینٹرل کنٹریکٹ کو ختم کرنے کا فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023 کےلیے پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہونے سے ان کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی ایک کمیٹی کی طرف سے مکمل سماعت کے عمل کے بعد اور معاملے میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حارث کا سینٹرل کنٹریکٹ یکم دسمبر 2023 سے ختم کر دیا گیا ہے اور انہیں30 جون 2024 تک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی این او سی بھی جاری نہیں کی جائے گی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کےلیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کےلیے اعزاز کی بات ہے، کسی بھی طبی رپورٹ یا معقول وجہ کہ عدم موجودگی میں پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بننے سے انکار سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے۔