چیئرمین پی سی بی کا کرکٹ میوزیم کی حالت زار پر اظہار ناراضی

Published On 14 February,2024 05:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ میوزیم کی حالت زار پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا اور تزئین و آرائش کے جاری کام کا معائنہ کیا، انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قائم کرکٹ میوزیم کا بھی وزٹ کیا اور میوزیم کی حالت زار پر ناراضی کا اظہار کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عالمی ٹورنامنٹ جیتنے پر ملنے والی ٹرافیاں اور دیگر انعامات کو اس حالت میں رکھنا کسی صورت مناسب نہیں،عالمی ٹرافیاں اور دیگر انعامات ایک اثاثہ اور شائقین کرکٹ کیلئے یہ انتہائی دلچسپی کا باعث ہیں، کرکٹ میوزیم کو اپ گریڈ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

محسن نقوی نے کرکٹ میوزیم میں اشیاء کو بین الاقوامی معیار کے مطابق رکھنے کی ہدایت کی اور میوزیم کو کشادہ و مناسب جگہ منتقل کرنے سے متعلق پلان طلب کر لیا، انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی گراؤنڈ کا بھی معائنہ کیا۔