کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان لاہیرو تھریمانے کی گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آ گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان لاہیرو تھریمانے مذہبی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو ملک کے شمالی علاقے کے وسطی شہر انورادھا پور کے قریب حادثہ پیش آ گیا جس کے نتیجے میں تھریمانے شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والے تھریمانے کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ ڈاکٹرز نے ضروری ٹیسٹ کے بعد حالت کو خطرے سے باہر قرار دے دیا تاہم ابھی تک زخموں کی نوعیت کا پتہ نہیں چل سکا۔
دوسری جانب خاندانی ذرائع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تھریمانے مذہبی یاترا کیلئے جا رہے تھے کہ راستے میں اُن کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، خوش قسمتی سے وہ گاڑی میں اکیلے ہی سفر کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کی گاڑی کو حادثہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں، حادثے میں ایک اور مسافر بھی زخمی ہوا ہے۔