واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو کیخلاف الزامات کی تردید کر دی گئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو کیخلاف الزامات جھوٹے ہیں، محکمے کے افسران گواہی دیتے رہتے ہیں، بلاشبہ ہم امریکی حکام کیخلاف کسی بھی الزام کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
میتھیو ملر نے مزید کہا ہے کہ ہماری گواہی سے کانگریس کو پالیسی سازی میں مدد ملتی ہے، ڈونلڈ لو پر ماضی میں بھی الزامات لگائے گئے جس کی بار بار تردید کی، امریکا کو بھارت کے شہریت ترمیمی ایکٹ پر بھی تشویش ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں متنازع شہریت کے قانون کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ہیں، مظاہرین کی جانب سے حکومت مخالف نعرے بازی کی گئی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا بے دریغ استعمال کیا۔
بھارت میں متنازع قانون کے تحت غیر مسلم افراد کو شہریت فوری جبکہ مسلمانوں کو شہریت کیلئے 11 سال کا انتظار کرنا پڑے گا اور اپنے پردادا کا برتھ سرٹیفکیٹ تک جمع کروانا ہو گا، قانون 2019ء میں پاس ہوا جسے حالیہ دنوں نافذ کر دیا گیا۔