راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ شیخ محمد بن عیسیٰ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ شیخ محمد بن عیسیٰ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ڈرون ٹیکنالوجی، سائبر اور نیٹ ورکنگ ڈومین میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بحرینی کمانڈر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے پی اے ایف سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا، بحرینی کمانڈر کو پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے سائبر ڈومین میں پی اے ایف کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔