امریکی سفیر کی ایئر چیف مارشل سے ملاقات، تربیتی شعبے کے فروغ پر اتفاق

Published On 16 January,2024 05:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، ملاقات میں مشترکہ فضائی مشقوں کے ذریعے تعاون اور تربیتی شعبے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاک فضائیہ اور امریکی فضائیہ کے مابین تکنیکی صلاحیتوں، وفود کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا، پاک فضائیہ کی جانب سے حال ہی میں قائم کردہ ٹیکنو پارکس میں تعاون کا بھی یقین دلایا۔

ایئر چیف مارشل کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق امریکی سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں نمایاں پیش رفت کو قابل تحسین قراد دیا۔