راولپنڈی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس، ایئر ڈیفنس کے سربراہ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق متحدہ امارات کی ایئر فورس کے سربراہ میجر جنرل سٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کی سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے جاری مختلف منصوبوں کا ذکر کیا جن کے ذریعے سائبر، سپیس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید ٹیکنالوجیز سے متعلق شعبوں میں آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ حاصل ہوگا، انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت، اس کے اہداف اور مستقبل کی عسکری صلاحیتوں کے حصول کے لئے پاک فضائیہ کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے جاری مختلف منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ نے عسکری تعاون اور تربیتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔