بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے ٹِک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے پر امریکا کو وارننگ دے دی۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نےکہا کہ امریکا کو ٹِک ٹاک سے قومی سلامتی کے خطرات کا کوئی ثبوت نہیں ملا، ایسے اُوچھے ہتھکنڈوں سے منصفانہ مقابلوں میں جیتا نہیں جا سکتا۔
وانگ وینبن نے مزید کہا کہ ٹِک ٹاک پر پابندی عائد کرنے سے امریکا کو ہی نقصان ہوگا، ایسے اقدامات سے کمپنیوں کی معمول کی کاروباری سرگرمیوں میں خلل پڑتا ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر ممکنہ پابندی کا بل بھاری اکثریت سے منظور کرلیا ہے، بل میں چینی کمپنی بائٹ ڈانس کو 6 ماہ میں اپنے مفادات بیچنے کی ہدایت کی گئی اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔