بیجنگ: (دنیا نیوز) عوامی جمہوریہ چین کی سٹینڈنگ کمیٹی آف پیپلز کانگریس کے چیئرمین ژاؤ لیجی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو تہنیتی پیغام بھیجا۔
ژاؤ لیجی نے اپنی اور سٹینڈنگ کمیٹی آف پیپلز کانگریس کی جانب سے سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین بے مثال دوستی دونوں دوست ممالک کے عوام کے دلوں میں پائے جانے والے محبت و احترام کے رشتے کی عکاسی ہے، چین اور پاکستان ایک دوسرے کے بااعتماد اور مخلص دوست ہیں، دونوں دوست ممالک ایک دوسرے کے ہر دکھ درد میں شریک ہیں اور ہر مشکل کے ساتھی ہیں۔
ژاؤ لیجی نے مزید کہا کہ بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال دونوں ممالک کے مابین آہنی دوستی کو متزلزل نہیں کر سکتی، پاکستان اور چین کے بنیادی مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، دونوں دوست ممالک اہم علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس ژاؤ لیجی کا شکریہ ادا کیا۔