ہمالیہ کی سرحد پر مزید بھارتی فوجیوں کی تعیناتی، چین نے خبردار کردیا

Published On 08 March,2024 11:14 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ ہمالیہ کی سرحد پر مزید فوجیوں کی تعیناتی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ ہمالیہ سرحد پر مزید فوجیوں کی تعیناتی سے خطے میں کشیدگی کم نہیں ہوگی بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔

چینی ترجمان ماؤ ننگ نے مزید کہا کہ چین سرحدی علاقوں کے امن اور استحکام کے تحفظ کے لیے بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت کا طرز عمل کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سازگار نہیں ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ سرحدی علاقوں میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی میں اضافہ حالات کو پُرسکون رکھنے یا ان علاقوں میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی کوششوں کو سبوتاژ کردے گی۔

خیال رہے کہ بھارت نے ہمالیہ سرحد پر فوج اُس وقت تعینات کی ہے جب کہ اُس نے حال ہی میں چین کے ساتھ سرحدی مسائل کے حل کے لیے فوجی اور سفارتی طور پر بات چیت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔