ریٹائرمنٹ کا معاملہ، پی سی بی اور عماد کے درمیان برف پگھلنا شروع

Published On 22 March,2024 05:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی اور عماد وسیم کے درمیان برف پگھلنا شروع ہوگئی، آل راؤنڈر عماد وسیم کے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے امکانات بڑھ گئے۔

ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل کے بعد دوبارہ عماد وسیم کو فون کیا، شاہین آفریدی نے کہا کہ پاکستان کو آپکی ضرورت ہے ہم چاہتے ہیں آپ پاکستان کی طرف سے کھیلیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض اور عماد وسیم کے درمیان رابطہ ہوا ہے اور دونوں نےریٹائرمنٹ کےمعاملے پربات چیت کی، عماد وسیم نے چیف سلیکٹر سے ورلڈ کپ کا پلان پوچھ لیا اور ساتھ ہی بہتر سینٹرل کنٹریکٹ کی بھی یقین دہانی مانگی ہے۔

ذرائع کے مطابق عماد وسیم فیملی اور دوستوں سے مشاورت کے بعد ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ عماد وسیم نے گزشتہ برس نومبر میں انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے پی ایس ایل کے پلے آف میچز اور فائنل میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد ان کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم میں واپسی کی باتیں ہونے لگی ہیں۔