انگلش کپتان جوز بٹلر نے 33 سال بعد اپنا نام تبدیل کر لیا

Published On 02 April,2024 06:16 am

لندن: (ویب ڈیسک) نام غلط لکھے اور پکارے جانے پر انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ کے کپتان جوز بٹلر نے نام ہی تبدیل کر دیا۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کئی برسوں سے اپنا نام غلط طریقے سے لکھے اور پکارے جانے پر گلہ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ میں انگلینڈ کی کرکٹ کا کپتان جوز بٹلر ہوں لیکن پوری زندگی مجھے غلط نام سے پکارا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے لے کر میری والدہ اور یہاں تک کہ سالگرہ کے کارڈ پر بھی لکھا ہوتا تھا کہ پیارے جوش، تم اب بڑے ہو رہے ہو، اس کے علاوہ مجھے برطانوی حکومت کی جانب سے ایم بی ای میڈل ملا اس پر بھی جوش بٹلر ہی لکھا ہوا ہے۔

انگلش ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ 13 برسوں تک ملک کی نمائندگی کرنے اور دو ورلڈ کپ جیتنے کے بعد وقت آگیا ہے کہ میں اس مسئلے کو حل کر دوں، یہ مسئلہ میں سب کیلئے حل کر رہا ہوں، میرا نام اب آفیشل طور پر جوش بٹلر ہے۔

واضح رہے کہ 33 برس کے جوش بٹلر انگلینڈ کی جانب سے اب تک 57 ٹیسٹ، 181 ون ڈے اور 114 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں، وہ 2019ء کا آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی انگلش ٹیم کا حصہ تھے، انگلینڈ نے 2022ء میں اُن کی کپتانی میں ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔