کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ڈپٹی ہائی کمشنرسارہ مونی کے ہمراہ ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات اور ان کے مزید فروغ کے اقدامات، صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں سے انہیں مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ صوبہ کے سماجی شعبہ کی ترقی میں برطانیہ کا تعاون انتہائی اہم ہے، برطانوی سرمایہ کار صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے سازگار حالات سے فائدہ اٹھائیں، انہیں ہرممکن مدد اور سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ گورنر سندھ کا آئی ٹی پروگرام سراہے جانے کے لائق ہے۔