لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی چیمپئنز کپ کی ٹیم وولوز کے مینٹور مصباح الحق نے کہا ہے کہ دنیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے بلے بازوں کو سٹرائیک ریٹ بہتر کرنا ہو گا۔
قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا مینٹور شپ دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، وولوز ٹیم کے ساتھ میرا پرانا تعلق ہے، ہمارا مقصد انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کے گیپ کو ختم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے ڈومیسٹک پلیئرز انٹرنیشنل لیول پر آکر پرفارم کرتے ہیں مگر ہمارے نہیں کرپاتے، اس ایونٹ میں ہمارے پاس مختلف ٹیمیں ہوں گی جن میں انڈر 19 اور سینئر پلیئرز بھی ہوں گے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل کھلاڑی تینوں فارمیٹ کھیل سکتا ہے، کھلاڑیوں کو جانچ کر فیصلہ کریں گے کہ کون کہاں کھیل سکتا ہے، ہمیں ایسے کھلاڑی تیار کرنے ہیں جو تینوں فارمیٹس میں کھیل سکیں، دنیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے بلے بازوں کو سٹرائیک ریٹ بہتر کرنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے کھلاڑیوں کو حوصلہ دینے کے ساتھ ساتھ سکھانا ہوگا کہ کیسے تیز کھیلنا ہے، ہمیں کھلاڑیوں کی جو لسٹ دی گئی وہ سلیکٹرز نے بنائی ہے، ہمارا ویژن یہی ہے کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کے فاصلے کو ختم کریں۔