ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلا دیشی حکومت اور کرکٹ بورڈ نے شکیب الحسن پر سکیورٹی طلب کرنے سے پہلے سیاسی مؤقف کی وضاحت دینے پر زور دے دیا۔
ایڈوائزر یوتھ اینڈ سپورٹس آصف محمد نے کہا ہے کہ آل راؤنڈر کو اپنے سیاسی مؤقف کی وضاحت دینے کی ضرورت ہے، اس کے بعد انہیں سکیورٹی طلب کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہر کسی کو سکیورٹی مہیا کرنے کی پابند ہے، شکیب الحسن کرکٹر کے ساتھ سیاستدان بھی ہیں، انہوں نے عوامی لیگ کی طرف سے الیکشن میں حصہ لیا، ہم اتنی ہی سکیورٹی دیں گے جتنی دوسرے کرکٹرز کو ملتی ہے، ہم اس کے پابند ہیں۔
آصف محمد کا کہنا ہے کہ لوگوں کے نزدیک ان کی دہری شناخت ہے، اگر ہزاروں لوگ چڑھ دوڑے تو کیا ہو گا، پولیس کانسٹیبل اور ایک گن مین کیا کر سکیں گے، اس لیے انہیں اپنے سیاسی تعلق کی وضاحت کرنا ہے، شیخ حسینہ واجد کو بھی اتنی سکیورٹی نہیں دی جا سکی تھی اور وہ ملک سے چلی گئیں۔