چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم کی پاکستان روانگی حکومتی اجازت سے مشروط

Published On 30 September,2024 08:04 pm

کانپور: (ویب ڈیسک) انڈین کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم کی پاکستان روانگی حکومتی اجازت سے مشروط کردی۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے بھارت اور بنگلادیش کے درمیان کانپور ٹیسٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے کا فیصلہ حکومتی منظوری سے ہوگا تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم بین الاقوامی دوروں کے لیے ہمیشہ حکومت سے اجازت لیتے ہیں، حکومت پر منحصر ہے وہ فیصلہ کرے بھارتی ٹیم کو کس ملک میں جانا چاہئے یا نہیں جانا چاہئے، حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اس کی پابندی کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے 2008 کے بعد سے دو طرفہ کرکٹ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ، دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد آئندہ برس 19 فروری سے پاکستان میں ہورہا ہے اور اسی سلسلے میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیمز میں اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری ہے۔